انٹرنیشنل

بھارت میں 17 سالہ بیٹے نے اپنے ماں کو جھاڑو سے پیٹ ڈالا

بنگلور:بھارت میں آئے روز عجیب و غریب ظلم و زیادتی کے واقعات منظر عام پر آتے رہتے ہیں اسی طرح ایک مرتبہ پھر دل دہلا دینے والا واقعہ بھارت کے شہر بنگلور میں پیش آیا جہاں ایک 17 سالہ لڑکے نے طیش میں آکر اپنی ماں کو جھاڑو سے پیٹ ڈالا۔اس واقعہ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہورہی ہے۔ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ ایک 17 سالہ لڑکا اپنی ماں کو جھاڑو کے ساتھ پیٹ رہا ہے اور اس کی ماں چیخ و پکار کر رہی ہے۔
یہ ویڈیو لڑکے کی بڑی بہن نے بنائی ہےجوماں کو بچانے کی کوشش کرتی رہی مگر لڑکے نے بہن کو دخل اندازی سے منع کیا ۔وائرل ہونے والی ویڈیو کا بنگلورو پولیس نے از خود نوٹس لیا اور اس معاملے میں لڑکے کے خلاف ایکشن لینے کا فیصلہ کیا۔پولیس نے بتایا کہ لڑکے کی ماں خوفزدہ تھی اور اپنے بیٹے کےخلاف کوئی بیان نہیں دیا جبکہ لڑکے نے یہ موقف اختیار کیا کہ اسکی اپنی ماں سے ناراضگی کی وجہ یہ تھی کہ وہ اس کے خلاف پڑوسیوں سے برائیاں کرتی تھی۔خاتون نے پڑوسیوں سے یہ کہا کہ اس کے بیٹے کی تعلیمی کارکردگی اچھی نہیں ہے اور وہ اپنے مستقبل کے حوالے سے بھی سنجیدہ نہیں ہے۔ان باتوں کی وجہ سے اس نے غصے میں آکر والدہ کو مارنا پیٹنا شروع کردیا۔
وائرل ہونے والی ویڈیو میں واضح طور پر لڑکے کو یہ کہتے ہوئےدیکھا جاسکتا ہے کہ ”اگر وہ اسی طرح اس کی برائیاں کرتی رہی اور اسی طرح دوسروں کو اس کے بارے بتاتی رہی تو وہ ایسے ہی اپنی ماں کو مارتا پیٹتا رہے گا“۔۔تاہم پولیس نے لڑکے کو بغیر شکایت درج کئے چھوڑ دیا ہے اور اسے متنبہ کیا ہے کہ اگر آئندہ ایسا ہوا تو نتائج بہت برے ہونگے۔مزید یہ کہ پولیس نے لڑکے کو اپنی ماں سے معافی مانگنے اور بیان حلفی پر دستخط کرائے کہ آئندہ وہ اپنی والدہ کے ساتھ ایسا سلوک نہیں کرےگا۔

To Top