شوبز

بالی وڈ کے معروف اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد انتقال کر گئے

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اداکار قادر خان طویل علالت کے بعد 81 سال کی عمر میں کینیڈا میں انتقال کر گئے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق قادرخان نےگزشتہ کئی برس سے اپنے بیٹے کے ساتھ کینیڈا میں رہائش اختیار کی تھی اور کافی عرصےسے شدید علالت میں مبتلا تھے۔قادر خان کو گزشتہ کئی دنوں سے سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا تھا اور انہوں نے بات چیت بھی بند کر دی تھی۔شدید علالت کے باعث کینیڈا کے اسپتال میں زیرعلاج تھے اورانہیں وینٹی لیٹرپررکھا گیا تھا لیکن وہ بچ نہ سکے اور81 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔
قادر خان کے بیٹے سرفراز نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ وہ اپنے والد کی آخری رسومات کینیڈا میں ہی ادا کرنے کے خواہشمند ہیں۔قادرخان کے بیٹے نے کچھ روز پہلے بھی میڈیا سے بات کرتے ہوئے آگاہ کیا تھا کہ گزشتہ برس ان کے والد کا گھٹنے کا آپریشن ہوا تھا لیکن آپریشن کے بعد سے ہی ان کی حالت سنبھل نہ سکی۔یاد رہے کہ 81 سالہ اداکار قادر خان ایک منفرد اداکار تھے انہوں نے مزاحیہ اداکاری کے ساتھ منفی کردار بھی بخوبی نبھائے ہیں۔ان کا 43 سالہ بالی وڈ کیریئر تھا اور انہوں نے 300 سے زائد فلموں میں کام کیا اور 250 فلموں کے مکالمے لکھے۔

To Top