کھیل

تیسرا ٹیسٹ: شاہین آج پروٹیز کیخلاف میدان میں اتریں گے

جنوبی افریقا اور پاکستان کے درمیان تیسرا اور آخری ٹیسٹ آج پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کو جنوبی افریقا کے ہاتھوں مسلسل دوسرے وائٹ واش کا سامنا ہے۔ نیوزی لینڈ کے ہاتھوں ہوم ٹیسٹ سیریز دو ایک سے ہارنے والی پاکستانی ٹیم کو گذشتہ پانچ میں سے چار ٹیسٹ میچوں میں شکست ہوئی ہے۔ میزبان ٹیم کو سیریز میں دو صفر کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔ جنوبی افریقا کے کوچ اوٹس گبسن کا کہنا ہے کہ عالمی نمبر ایک ٹیم بننا ہمارا مشن ہے۔ جنوبی افریقا نے 2013 میں بھی پاکستان کے خلاف تینوں ٹیسٹ جیتے تھے۔
ڈیوپلیسی کو سلو اوور ریٹ کے سبب ایک میچ کی معطلی کا سامنا ہے جس کے باعث وہ پاکستان کے خلاف آخری ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ ڈین ایلگر 2017 میں لارڈز کے تاریخی میدان میں انگلینڈ کے خلاف بھی جنوبی افریقی ٹیم کی قیادت کرچکے ہیں۔ جنوبی افریقی سلیکٹرز نے اوپنر ایڈن مرکرم کی انجری کے پیش نظر نو وارد بلے باز پیٹر ملان کو اسٹینڈ بائی کے طور پر اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔ پاکستانی ٹیم نے آج تک وانڈررز میں کوئی ٹیسٹ میچ نہیں جیتا ہے۔ 1998 میں چوتھا دن بارش کی نذر ہونے سے پاکستان نے یہاں ایک ٹیسٹ ڈرا کیا تھا۔ پاکستانی بیٹنگ جنوبی افریقا کے پیس اٹیک کے خلاف مشکلا ت سے دوچار رہی ہے۔ پاکستانی ٹیم 4 فاسٹ بولر اور ایک اسپنر کے ساتھ حملہ آور ہونے کی تیاری کررہی ہے۔ ابتدائی دونوں ٹیسٹ ہارنے کے بعد وائٹ واش سے بچنے کیلئے پاکستانی ٹیم پانچ بولروں کے ساتھ میدان میں اترے گی اور ٹیم انتظامیہ جارحانہ حکمت عملی اپناتے ہوئے طویل عرصے بعد پانچ بولروں اور چھ اسپیشلسٹ بلے بازوں کے ساتھ میدان میں اتر رہی ہے۔ پاکستان کا 4 فاسٹ بولروں کا اسکواڈ محمد عامر، محمد عباس،فہیم اشرف اور حسن علی پر مشتمل ہوگا۔ پاکستانی ٹیم میں 4 فاسٹ بولر اور ایک اسپنر شاداب خان ہوں گے جب کہ طویل قامت فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ان فٹ ہونے کی وجہ سے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کریں گے اور فہیم اشرف کو ان کی جگہ موقع دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز امام الحق کے ساتھ شان مسعود کریں گے جب کہ مڈل آرڈر بیٹنگ میں اظہر علی، اسد شفیق، بابر اعظم اور سرفراز احمد ہوں گے۔

To Top