107

پاکستان ٹیم کا ورلڈ الیون سے فائنل ٹاکرا آج ہوگا

آزادی کپ کے فیصلہ کن ٹی 20انٹر نیشنل میچ کے لئے جمعے کو لاہور میں پاکستان اور ورلڈ الیون کے درمیان اسٹیج تیار ہے، سیریز ایک ایک سے برابر ہے۔ پاکستانی شاہین ورلڈ الیون پر غلبہ پانے کیلئے پرعزم ہیں

اس سے قبل پاکستان نے پہلا میچ 20رنز سے جیتا تھا۔ ورلڈ الیون نے تھسارا پریرا کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت آزادی کپ کے دوسرے ٹی20 میچ میں پاکستان کو سنسنی خیز مقابلے کے بعد 7 وکٹ سے شکست دے کر سیریز برابر کردی تھی۔ میچ میں پاکستانی ٹیم کی خراب فیلڈنگ شکست کا سبب بنی تھی۔

لاہور میں کرکٹ فیور میں کمی نہیں آئی ہے۔ شائقین آخری میچ دیکھنے کے لئے بے چین ہیں۔ شام 7 بجے شروع ہونے والے میچ میں سابق کپتان عمران خان کی بھی آمد کا امکان ہے۔

کپتان سرفراز احمد کا کہنا ہے پاکستانی ٹیم سیریز جیت کر ٹی 20 کی عالمی رینکنگ بہتر کرنے کی کوشش کرے گی۔ البتہ اس کیلئے بہت محنت کرنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان پلیئرز پر پہلی بار ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کھیلنے کا کوئی دبائو نہیں، تمام کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ کھیل رہے ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ چیمپئنز ٹرافی کے بعد پاکستانی ٹیم کی ذمہ داریوں میں اضافہ ہوگیا ہے اور اب ہر سیریز ٹیم کے لیے اہم ہوگئی ہے۔ واضح رہے کہ اس وقت پاکستان عالمی ٹی 20 رینکنگ میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کے بعد تیسرے نمبر پر ہے۔
میچ سے قبل پاکستان کے فاسٹ بولر حسن علی فٹ ہوگئے ہیں، توقع ہے کہ وہ دوسرے میچ میں خراب بولنگ اور ناقص فیلڈنگ کرنےوالے سہیل خان کی جگہ لیں گے۔ امکان ہے کہ عمر امین اور عامر یامین بغیر کوئی میچ کھیلے گھر چلے جائیں۔

سرفراز احمد کا کہنا ہے کہ ہم نے فیلڈنگ میں غلطیاں کیں اور بولنگ میں پلان کو نظرا نداز کیا۔ ہاشم آملہ نے اننگز کا آغاز کیا اور آخری اوور تک ناقابل شکست رہے لیکن ان کا صحیح ساتھ تھسارا پریرا نے دیا جنھوں نے صرف 19 گیندوں پر 47 رنز بنائے اور اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔18ویں اوور تک لگ رہا تھا کہ پانسہ شاید پاکستان کی جانب پلٹ جائے لیکن سہیل خان کے اوور میں پریرا نے 20 رنز بنائے اور آخری اوور میں 13 رنز پانچ گیندوں پر بنا کر میچ ختم کر دیا۔
فاف ڈوپلیسی کا کہنا ہے کہ ہم تیسرے میچ میں جیت کے لئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ ہمارے پاس کوئی اور آپشن نہیں ہے۔ ہاشم آملہ نے کہا کہ پاکستان کے دورے پر ان کا تجربہ بہترین رہا ہے اور وہ یہ بات تمام ورلڈ الیون کے کھلاڑیوں کی طرف سے کررہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ مہمان نوازی بہترین رہی ہے، وہ اپنے بورڈ اور دیگر ساتھی کھلاڑیوں کے ساتھ دورہ پاکستان کے حوالے سے تجربہ شیئر کریں گے تاہم قومی ٹیم کا دورہ کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ بورڈ کے ہاتھ میں ہے۔ اتنا پرجوش کراؤڈ کہیں نہیں دیکھا، شائقین نے ورلڈ الیون کے تمام پلیئرز کے نعرے لگائے اور بھرپور سپورٹ کیا جو ہمارے لئے حیران کن تھا۔
تیسرے میچ کو امپائر احسن رضا اور شوذب رضا سپروائز کریں گے۔ احمد شہاب ٹی وی امپائر اور رچی رچرڈسن میچ ریفری ہوں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

پاکستان ٹیم کا ورلڈ الیون سے فائنل ٹاکرا آج ہوگا” ایک تبصرہ

اپنا تبصرہ بھیجیں